شفاف الیکشن کرانا ہمارا کام، امن و امان کیلئے فورسز کارروائیاں کررہی ہیں: نگران وزیراعلیٰ کے پی

Published On 07 December,2023 06:34 pm

پشاور: (دنیا نیوز) نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا جسٹس (ر) ارشد حسین نے چائنہ ونڈو کا دورہ کیا۔

نگران وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا جسٹس (ر) ارشد حسین نے کہا کہ پاکستان کی بہترین دوستی چائنہ کیساتھ ہے، چائنہ ونڈو کے ذریعے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات بہتر ہوں گے، چائنہ کے ساتھ جو منصوبے چل رہے ہیں ان کی بہتر سکیورٹی کے انتظامات کئے گئے ہیں۔

ارشد حسین نے کہا کہ ہماری حکومت نگران ہے، ہمارا کام شفاف الیکشن کرانا ہے، لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال کیلئے سکیورٹی فورسز کارروائیاں کر رہی ہیں، دہشتگردوں کیخلاف کارروائیاں ہوتی رہتی ہیں، الیکشن تک ہمارے پاس دو مہینے ہیں، کوشش کر رہے ہیں گڈ گورننس قائم ہو۔

نگران وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں جو پراجیکٹ ہمارے چل رہے ہیں وہ آنے والی حکومت کے حوالے کریں، یوتھ کیلئے پراجیکٹ شروع کر رہے ہیں، صوبے میں پانچ لاکھ طالبعلموں کو بیرونی ملک ملازمت کیلئے تربیت دی جائے گی، کوشش کر رہے ہیں کہ مالی بحران کے باوجود معیشت کو بہتر کیا جا سکے۔

ارشد حسین نے مزید کہا کہ مختلف ممالک کے ساتھ رابطے کرکے لیبر تیار کریں گے، دیکھنا ہوگا کس ملک کو کس صنعت میں لیبر کی ضرورت ہے، ہم سکل پروگرام شروع کریں گے۔