عمر ایوب مقدمات کیس: پنجاب حکومت کورپورٹ جمع کرانے کیلئے کل تک کی مہلت

Published On 18 December,2023 11:00 am

اسلام آباد: (دنیانیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل عمر ایوب کیخلاف مقدمات کی تفصیلات فراہمی کے کیس میں پنجاب حکومت کی طرف سے رپورٹ جمع کرانے کیلئے کل تک کی مہلت دیدی ۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل اور سابق وفاقی وزیر عمر ایوب کیخلاف مقدمات کی تفصیلات سے متعلق درخواست پر سماعت کی ، ایف آئی اے ،نیب ،خیبر پختونخوا اور اسلام آباد پولیس نے جواب جمع کرادیا۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ عمر ایوب کیخلاف خیبر پختونخوا اور اسلام آباد میں مقدمہ درج ہے ، پنجاب حکومت کی طرف سے تاحال مقدمات سے متعلق رپورٹ جمع نہیں کرائی گئی۔

عدالت میں درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ درخواست گزار ایک سیاسی شخصیت ہیں اور انتخابات میں حصہ لینا ہے ، چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ انہیں خدشہ بھی یہی ہے کہ وہ کاغذات نامزدگی جمع کرانے کیلئے سامنے آئیں تو گرفتار نہ کرلئے جائیں ۔

عدالت نے پنجاب حکومت کی طرف سے رپورٹ جمع کرانے کیلئے کل تک کی مہلت دے دی۔

گزشتہ سماعت میں اسلام آباد ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل عمر ایوب کیخلاف مقدمات کی تفصیلات فراہمی کے کیس میں عدالتی حکم پر مکمل عملدرآمد نہ ہونے پر ڈی جی ایف آئی اے اور جوائنٹ سیکرٹری وزارت داخلہ کو عدالت طلب کیا تھا۔