کراچی : مچھر کالونی میں سلنڈردھماکے سےعمارت گرگئی،3 افراد جاں بحق

Published On 18 December,2023 02:56 pm

کراچی : (دنیانیوز) ماڑی پور مچھر کالونی جعفر چوک کے قریب سلنڈر دھماکے سے عمارت گرگئی جس کے نتیجے میں3 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ دوبچوں سمیت 7 افراد زخمی ہیں ۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق مچھر کالونی میں واقع عمارت کے اندر سلنڈر پھٹنے سے دھماکا ہوا اور عمارت گرگئی ،  واقعے کی اطلاع ملنے پر ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں  اور امدادی کارروائیاں تاحال جاری ہیں۔

ذرائع کے مطابق ملبے تلے دب کر تین افراد جاں بحق ہوگئے ، جاں بحق و شدید زخمی ہونے والوں کو ایمبولینس کے ذریعے سول ہسپتال منتقل کیا جارہا ہے۔

ہسپتال انتظامیہ کے مطابق عمارت میں سلنڈر دھماکے کے 8 زخمیوں کو سول ہسپتال منتقل کیا گیاہے ۔

ذرائع کے مطابق تین میں سے ایک جاں بحق شخص کی شناخت 50 سالہ امین کے نام سے ہوئی ہے جبکہ زخمیوں میں 28 سالہ نور حسین،25 سالہ حمید ولد نور محمد، 3 سالہ بچی شہزادی ولد طاہر ، 32 سالہ سعید نور 28 سالہ نبی عالم ،27 سالہ عبدالامین کے نام سے ہوئی ہے ۔

اس کے علاوہ دو نامعلوم زخمیوں میں ایک 28 سالہ شخص اور 13 سالہ بچہ شامل ہے جو کہ شدید زخمی ہے۔

 نگراں وزیر صحت سندھ ڈاکٹر سعد خالد نیاز نے  ایم ایس ڈاکٹر روتھ فاؤ سول ہسپتال کراچی کو ٹیلیفون کیا او زخمیوں کے فوری و مکمل علاج معالجے کو یقینی بنانے  اور زخمیوں کو تمام طبی سہولیات فراہم  کرنے کی ہدایت کی ۔