کویت: (دنیا نیوز) نگران وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ نے امیر کویت نواف الاحمد الجابر الصباح کے انتقال پر تعزیت کے لئے کویت پہنچ گئے۔
نگران وزیراعظم نے کویت کے نئے امیر شیخ مشعل الاحمد الصباح سے ملاقات کی، ملاقات میں وزیراعظم نے اپنی، قیادت، حکومت اور پاکستان کے عوام کی جانب سے تعزیت کا اظہار کیا، انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ پاکستانی قوم دکھ اور غم کی اس گھڑی میں اپنے کویتی بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے۔
— Government of Pakistan (@GovtofPakistan) December 18, 2023
نگران وزیراعظم نے کہا کہ ریاست کویت نے ایک ایسے رہنما کو کھو دیا ہے جنہوں نے اپنی بصیرت سے کویت کو ایک خوشحال ریاست میں تبدیل کیا، انہیں پاکستان کے خیرخواہ اور دوست کے طور پر یاد رکھا جائے گا، انہوں نے دونوں برادر ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا۔
امیر کویت شیخ مشعل الاحمد الصباح نے دکھ کی اس گھڑی میں کویت کے عوام کے ساتھ کھڑے ہونے پر پاکستان کی قیادت، حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا، انہوں نے پاکستان اور کویت کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔