لاہور: (دنیا نیوز) اخوت کالج یونیورسٹی کے پہلے کانووکیشن کی تقریب ہوئی، نگران وفاقی وزیر مملکت وصی شاہ نے تقریب میں شرکت کی۔
اخوت مشاہدہ سکول آف ہاسپٹیلٹی اینڈ ٹورازم کے پہلے بیچ کی گریجوایشن تقریب ہوئی، کانووکیشن میں نگران وفاقی وزیر مملکت برائے سیاحت وصی شاہ نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی، نامور ادیب عطاء الحق قاسمی سمیت مختلف شعبہ جات کی معروف شخصیات بھی کانووکیشن میں شریک ہوئیں۔
مہان خصوصی معروف شاعر وصی شاہ کا کہنا تھا کہ سیاحت اور ہوٹل مینجمنٹ کا شعبہ بہت اہم ہے، مایوسی کی ضرورت نہیں ہم دنیا کی دیگر قوموں کی طرح با صلاحیت ہیں۔
تقریب کے روح رواں، چیئرمین اخوت ڈاکٹر امجد ثاقب کا کہنا تھا کہ دنیا میں سب سے زیادہ ملازمین ہوٹل اور ٹورازم کے شعبہ میں ہیں، مشاہدہ سکول آف ہوٹل اینڈ ٹورازم میں چاروں صوبوں سے بچوں نے تعلیم حاصل کی، اس ادارے میں طلبہ کو نصاب کے ساتھ ساتھ اچھا انسان بننے کی تعلیم دی جاتی ہے۔
ایم ڈی پی ٹی ڈی سی آفتاب رانا سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا، دو سالہ ڈپلومہ مکمل کرنے والے 31 طلبہ کو سرٹیفکیٹس سے نوازا گیا۔