نجکاری کا معاملہ، عدالت کی پی آئی اے کو جواب جمع کروانے کی ہدایت

Published On 20 December,2023 12:37 pm

لاہور : (دنیانیوز) لاہور ہائیکورٹ نے نجکاری کے معاملے پر پی آئی اے کے وکیل کو جواب جمع کروانے کی ہدایت کردی۔

لاہور ہائیکورٹ میں پی آئی اے کی نجکاری کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی، جسٹس راحیل کامران شیخ نے نبیل جاوید کاہلوں کی درخواست پر سماعت کی، وزارت قانون،کیبنٹ ڈویژن اور پرائیوٹائزیشن کمیشن نے اپنا جواب جمع کروایا۔

دوران سماعت پی آئی ا ے کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ سننے میں آیا ہے حکومت نے آرڈیننس جاری کیا ہے، آرڈیننس کے تحت ہائیکورٹ پرائیویٹ تنازعات کو نہیں سن سکتی۔

عدالت نے وکیل پی آئی اے سے مکالمہ کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ آرڈیننس کی نقل پیش کی جائے جس میں ہائیکورٹ کو پرائیویٹ تنازعات سننے سے روکا گیا ہے، آپ آرڈیننس پیش کر دیں،اسے دیکھ لیتے ہیں، عدالت کو یہ بھی بتائیں کہ کس قانون کے تحت ہائیکورٹ پرائیویٹ تنازعات کو نہیں سن سکتی۔

پی آئی اے کے وکیل نے استدعا کی کہ سماعت سرما کی چھٹیوں کے بعد تک ملتوی کر دیں، بعدازاں عدالت نے درخواست پر مزید سماعت 17 جنوری تک ملتوی کردی۔