ن لیگ اور جمعیت اہلحدیث پاکستان کا مہنگائی کے خاتمے کیلئے ملکر کام کرنے پر اتفاق

Published On 24 December,2023 01:10 pm

لاہور: (دنیا نیوز) جمعیت اہلحدیث پاکستان اور مسلم لیگ ن کے درمیان پاکستان کی معیشت کی بحالی اور عوام کو مہنگائی سے نجات دلانے کیلئے ملکر کام کرنے پر اتفاق ہوگیا۔

سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف سے جمعیت اہلحدیث پاکستان کے سربراہ سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے جمعیت کے رہنماؤں کے ہمراہ ملاقات کی۔

اس موقع پر جمعیت اہلحدیث پاکستان کے سینیٹر حافظ عبد الکریم، مسلم لیگ(ن) پنجاب کے صدر رانا ثناءاللہ خاں اور سردار ایاز صادق بھی موجود تھے، ملاقات میں عام انتخابات کی تیاریوں اور دونوں جماعتوں کے درمیان سیاسی تعاون کے حوالے سے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دونوں جماعتوں کے قائدین نے پاکستان کی معیشت کی بحالی اور عوام کو مہنگائی سے نجات دلانے کیلئے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔

ملاقات کے دوران شہباز شریف نے جمعیت اہلحدیث پاکستان کے مسلم لیگ (ن) کے ساتھ انتخابی اتحاد اور سیاسی تعاون کو سراہا، سابق وزیراعظم نے جمعیت اہلحدیث پاکستان اور اس کے امیر سینیٹر پروفیسر ساجد میر کی ملک وقوم کیلئے خدمات کی بھی تعریف کی۔

اس موقع پر سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے 16 ماہ کی حکومت کے دوران پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچانے کی شہباز شریف کی کوششوں کو خراج تحسین بھی پیش کیا، وفد نے نیب ریفرنسز میں مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف کی بریت پر شہباز شریف کو مبارکباد بھی دی۔