سکھر: (دنیا نیوز) پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ ہم الیکشن کے قریب ہیں اب جو بھی فیلڈ ہوگی ہم اس میں کھیلیں گے۔
کمشنر آفس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ ہم نے جو بات ریکارڈ کروانی تھی وہ ہماری قیادت نے لیول پلیئنگ فیلڈ کے حوالے سے ریکارڈ کروا دی، اب ہم چاہتے ہیں کہ انتخابات وقت پر ہونے چاہئیں۔
پی ٹی آئی کے ساتھ مستقبل میں اتحاد کے سوال پر خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ یہ فیصلے پوری پارٹی کرتی ہے، وقت اور حالات پر میسر ہوگا کہ کیا کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ہم کہتے ہیں کہ الیکشن کروا لیں سکیورٹی کا مسئلہ حل ہو جائے گا، دھاندلی روکنے اور امن امان کی صورتحال پر قابو پانے کیلئے انتخابات میں فوج کو ہونا چاہیے، فوج پر لوگوں کو اعتماد ہے، فوج کے ہوتے ہوئے انتخابات میں دھاندلی نہیں ہوگی۔
رہنما پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ ہم عام انتخابات میں آپ کو سرپرائز دیں گے، پاکستان میں اس وقت جو ماحول ہے وہ کسی ایک پارٹی کے حق میں نہیں، ہماری لیڈرشپ پاکستان کیلئے کام کر رہی ہے، ہماری طرف سے وزیراعظم کے امیدوار بلاول بھٹو زرداری ہی ہوں گے۔