لاہور: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن نے پنجاب میں وصول ہونے والے مختلف سیاسی جماعتوں اور آزاد امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی تفصیلات جاری کر دیں۔
صوبائی الیکشن کمشنر کے مطابق پنجاب بھر میں قومی و صوبائی اسمبلیوں کیلئے 13 ہزار 823 کاغذات وصول ہوئے، قومی اسمبلی کی جنرل نشستوں پر3 ہزار 594 مردوں اور 277 خواتین کے کاغذات نامزدگی جمع کروائے گئے جبکہ پنجاب اسمبلی کی جنرل نشستوں پر 8 ہزار 592 مردوں اور 437 خواتین نے کاغذات نامزدگی جمع کروائے۔
لاہور سے قومی اسمبلی کی 14 نشستوں پر 470 امیدواروں نے کاغذات جمع کروائے، لاہور کے حلقہ این اے 130 سے نواز شریف اور یاسمین راشد، این اے 123 سے شہباز شریف الیکشن لڑیں گے، این اے 127 سے بلاول بھٹو اور شائستہ پرویز ملک کے کاغذات جمع کروائے گئے۔
این اے 118 سے حمزہ شہباز، این اے 122 سے بانی پی ٹی آئی اور لطیف کھوسہ امیدوار ہیں، مریم نواز این اے 119 اور این اے 120 سے الیکشن میں حصہ لیں گی، لاہور کے حلقہ این اے 119 سے عبدالعلیم خان اور این اے 120 سے خواجہ سعد رفیق، ایاز صادق کے بھی کاغذات جمع کروائے گئے۔
ترجمان الیکشن کمیشن پنجاب کے مطابق خواتین کی مخصوص نشستوں پر ترجیحی لسٹ کے مطابق امیدواروں کی سکروٹنی کا شیڈول جاری کر دیا گیا ہے۔
مزید برآں قومی اسمبلی کی مخصوص نشستوں پر ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے امیدواروں کی سکروٹنی 26 دسمبر جبکہ استحکام پاکستان پارٹی اور پی ٹی آئی نظریاتی کے امیدواروں کی سکروٹنی 28 دسمبر کو ہوگی، سکروٹنی کا عمل 30 دسمبر تک جاری رہے گا۔