انتخابی نشان بلے کی آفر ہوئی مگر میں نے انکار کر دیا، پرویزخٹک

Published On 25 December,2023 04:49 pm

پشاور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹیرین (پی ٹی آئی پی) کے سربراہ پرویز خٹک نے کہا ہے کہ مجھے انتخابی نشان بلے کی آفر ہوئی مگر میں نے انکار کر دیا۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے سربراہ پی ٹی آئی پی پرویزخٹک نے کہا کہ ہمارا منشور تیار ہو چکا ہے، چند دنوں بعد پیش کریں گے، ہماری الیکشن کمپین جا ری ہے، ہم نے صوبے کی ترقی کا سوچنا ہے، وفاق نے ہمارے بہت سارے حقوق ضبط کیے ہیں، خیبرپختونخوا کے لوگوں کو حقوق لے کر دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ بہت سارے آزاد امیدوار بھی رابطے میں ہیں، بڑی پارٹیوں میں دراڑ پڑی ہوئی ہے، بھرپور تیاری کے ساتھ انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں، میرے کافی دوست سمجھتے ہیں آزاد الیکشن لڑیں گے، وہ دوست الیکشن جیت کر ہمارے ساتھ آئیں گے۔

پرویز خٹک کا مزید کہنا تھا کہ میں نے اپنی پارٹی بنائی ہے اور مجھے بھی لوٹا کہا جاتا ہے، پی ٹی آئی میں کوئی جائے تو ٹھیک، اگر چھوڑے تو لوٹا؟، بانی پی ٹی آئی سمجھتے ہیں جو پٹھانوں کے دماغ میں ڈالوں گا وہی کریں گے، صوبے کے لوگ غلط فہمی میں نہ آئیں۔