سکروٹنی کا عمل جاری، آصف زرداری، شیخ رشید سمیت کئی سیاستدانوں کے کاغذات منظور

Published On 26 December,2023 01:41 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے سابق صدر آصف علی زرداری، سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کے کاغذات نامزدگی منظور کر لیے گئے، مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کی مخصوص نشستوں کے امیدواروں کی سکروٹنی آج ہو گی۔

سابق صدر آصف علی زرداری کے این اے 207 نوابشاہ، سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید اور ان کے بھتیجے راشد شفیق کے راولپنڈی، پیپلز پارٹی کے نثار کھوڑو، روبینہ قائم خانی، سعید غنی، تنزیلہ قمبرانی، جمیل سومرو، ٹی ایل پی کی ثروت فاطمہ، ایم کیو ایم کی افشاں کے کاغذات نامزدگی منظور کر لیے گئے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی والے پہلے بغیر محنت آگئے تھے، اب محنت کریں: آصف علی زرداری

الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کی مخصوص نشستوں پر امیدواروں کی سکروٹنی کا شیڈول جاری کر دیا جس کے مطابق مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے امیدواروں کی سکروٹنی آج ہو گی، جماعت اسلامی اور ٹی ایل پی کے امیدواروں کی سکروٹنی کل، استحکام پاکستان پارٹی کے امیدواروں کی سکروٹنی 28 دسمبر کو کی جائے گی۔

دوسری جانب الیکشن کمیشن نے ملک بھر میں کاغذات نامزدگی جمع کروانے والے امیدواروں کے اعداد و شمار جاری کر دیئے جس کے مطابق آئندہ عام انتخابات 2024ء کیلئے قومی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کی 1085 نشستوں پر کل 28 ہزار 626 امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:  بلے  کی واپسی! تحریک انصاف آج الیکشن کمیشن کا فیصلہ عدالت میں چیلنج کرے گی

قومی اسمبلی کی 266 عمومی نشستوں پر 7 ہزار 713 امیدوار جبکہ خواتین اور اقلیتوں کی 70 نشستوں پر 609 امیدواروں کے کاغذات جمع ہوئے، قومی اسمبلی کی جنرل نشستوں پر 7 ہزار 242 مرد اور 471 خواتین امیدوار سامنے آئی ہیں۔

صوبائی اسمبلیوں کی جنرل 593 نشستوں پر 18 ہزار 546 امیدواروں اور 156 صوبائی مخصوص نشستوں پر 2 ہزار 367 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے، صوبائی اسمبلیوں کی نشستوں پر 17 ہزار 744 مرد اور 802 خواتین میدان میں ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: انتخابی نشان بلے کی آفر ہوئی مگر میں نے انکار کر دیا، پرویزخٹک

پنجاب اسمبلی کی 297 جنرل نشستوں پر 8 ہزار 592 مرد اور 437 خواتین نے کاغذات جمع کرائے، سندھ اسمبلی کی 130 جنرل نشستوں پر 4 ہزار 60 مرد اور 205 خواتین امیدوار سامنے آئی ہیں۔

خیبرپختونخوا اسمبلی کی 115 جنرل نشستوں پر 3 ہزار 349 مرد اور 115 خواتین امیدواروں نے کاغذات جمع کرائے، بلوچستان اسمبلی کی 51 جنرل نشستوں پر 1743 مرد اور 45 خواتین امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے ہیں۔