اسلام آباد: (ویب ڈیسک) آئندہ عام انتخابات 2024ء کیلئے قومی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کی 1085 نشستوں پر کل 28 ہزار 626 امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے ہیں۔
قومی اسمبلی کی 266 عمومی نشستوں پر 7 ہزار 713 امیدوار جبکہ خواتین اور اقلیتوں کی 70 نشستوں پر 609 امیدواروں کے کاغذات جمع ہوئے، صوبائی اسمبلیوں کی جنرل 593 نشستوں پر 18 ہزار 546 امیدواروں اور 156 صوبائی مخصوص نشستوں پر 2 ہزار 367 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق قومی اسمبلی کی 266 جنرل نشستوں پر 7 ہزار 242 مرد اور 471 خواتین امیدوار سامنے آئی ہیں، اسی طرح چاروں صوبائی اسمبلیوں کی 593 نشستوں پر 17 ہزار 744 مرد اور 802 خواتین میدان میں ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: کاغذات نامزدگی کی مد میں قومی خزانے کو کتنا ریونیو ملا؟ تفصیلات جاری
پنجاب اسمبلی کی 297 جنرل نشستوں پر 8 ہزار 592 مرد اور 437 خواتین نے کاغذات جمع کرائے، سندھ اسمبلی کی 130 جنرل نشستوں پر 4 ہزار 60 مرد اور 205 خواتین امیدوار سامنے آئی ہیں۔
خیبرپختونخوا اسمبلی کی 115 جنرل نشستوں پر 3 ہزار 349 مرد اور 115 خواتین امیدواروں نے کاغذات جمع کرائے، بلوچستان اسمبلی کی 51 جنرل نشستوں پر 1743 مرد اور 45 خواتین امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے ہیں۔