'بلے' کی واپسی؟ تحریک انصاف آج الیکشن کمیشن کا فیصلہ عدالت میں چیلنج کرے گی

Published On 26 December,2023 01:13 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) بلے کا نشان واپس لینے کیلئے پاکستان تحریک انصاف کی قانونی ٹیم آج پشاور ہائی کورٹ سے رجوع کرے گی۔

تحریک انصاف کی قانونی ٹیم آج الیکشن کمیشن کے فیصلے کیخلاف درخواست دائر کرے گی، درخواست بیرسٹر گوہر علی خان، بیرسٹر علی ظفر اور شاہ فیصل اتمان خیل کی جانب سے دائر کی جائے گی، دو روزہ چھٹیوں کے باعث درخواست آج جمع کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق بیرسٹر گوہر علی خان نے بانی پاکستان تحریک انصاف سے جیل میں ملاقات کی اور مشاورت کے بعد پشاور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے، درخواست میں الیکشن کمیشن کے فیصلے کو کالعدم قرار دینے کی استدعا کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: انتخابی نشان بلے کی آفر ہوئی مگر میں نے انکار کر دیا، پرویزخٹک

پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی ترجمان کا تصدیق کرتے ہوئے کہنا ہے کہ انتخابی نشان واپس لینے کیخلاف پشاور ہائیکورٹ جائیں گے، کیس سے متعلق پٹیشن تیار کر لی گئی، کوشش ہو گی کہ پٹیشن آج ہی سماعت کیلئے مقرر ہو، پٹیشن میں مؤقف ہے کہ الیکشن کمیشن نے غیر قانونی فیصلہ کیا، غیر متعلقہ شخص کی درخواست پر انتخابی نشان واپس لینا غیرقانونی ہے۔

واضح رہے کہ چند روز قبل الیکشن کمیشن آف پاکستان نے انٹرا پارٹی انتخابات پارٹی آئین کے مطابق نہ کرانے پر پاکستان تحریک انصاف سے بلے کا نشان واپس لے لیا تھا۔