اسلام آباد: (دنیانیوز) عام انتخابات 2024 میں عوام کی سہولت کیلئے الیکشن کمیشن نے مانیٹرنگ اینڈ کنٹرول سنٹر قائم کر دیا۔
الیکشن کمیشن کے مطابق سینٹر میں عوام کو الیکشن کے حوالے سے رابطہ کرنے اور اپنی شکایات درج کرانے کی سہولت ہو گی، عوامی شکایت کے بروقت ازالہ کے لیے فوری طور پر کارروائی کی جائے گی۔
الیکشن کمیشن کاکہنا ہے کہ عوامی شکایات کے فوری اندراج اور حل کے لیے 4 سطحوں پر کنٹرول سنٹر قائم کئے ہیں، مرکزی سیکرٹریٹ کے علاوہ صوبائی، ڈویژنل اور ضلع سطح پر کنٹرول رومز قائم کیے ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق عام انتخابات سے متعلق شکایت کمیشن کو ای میل بھی کی جاسکتی ہیں، عوامی شکایات کے اندراج کیلئے ہیلپ لائن اور واٹس ایپ نمبر بھی جاری کئے گئےہیں، ابتدائی طور پر سنٹر صبح 8 سے شام 6بجے تک کام کرےگا۔
الیکشن کمیشن نے مزید کہا ہے کہ سہولت سنٹر 15جنوری سے انتخابی نتائج کے حصول تک چوبیس گھنٹے کام کرےگا، کنٹرول سنٹر میں سوشل میڈیا اور الیکٹرانک میڈیا کی مانیٹرنگ کی سہولت بھی موجود ہے، انتخابی شکایات فیکس نمبر 051-9204403 کے ذریعے بھی شکایات بھیجی جا سکتی ہیں۔