عام انتخابات کیلئے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا آج آخری روز

Published On 30 December,2023 09:20 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) عام انتخابات 2024ء کے لیے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال جاری ہے جبکہ جنرل نشستوں پر عام انتخابات کے لیے کاغذات کی جانچ پڑتال کا آخری روز ہے۔

دوسری جانب مخصوص نشستوں کے لیے کاغذات نامزدگی کی تاریخ تبدیل کر دی گئی ہے۔

سابق وزیر اعظم نواز شریف اور مریم نواز کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال آج ہو گی، بلاول بھٹو کے این اے 127 سے کاغذات نامزدگی پر درخواست کا فیصلہ بھی آج ہو گا۔

کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد کیے جانے کے خلاف اپیل 3 جنوری تک کی جا سکے گی۔

اپیلوں پر انتخابی ٹریبونل 10 جنوری تک فیصلہ کریں گے، امیدوار اپنے کاغذات 12 جنوری تک واپس لے سکیں گے، امیدواروں کو انتخابی نشان 13 جنوری کو دیئے جائیں گے جبکہ عام انتخابات 8 فروری کو ہوں گے۔