کراچی: (دنیا نیوز) ایم کیو ایم کے کنوینر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ حکمران چاہتے ہیں ہماری قوم عقیدے، مذہب اور مسلک کے نام پر تقسیم رہے تاکہ حکمران طبقے کے مفادات محفوظ رہیں۔
ایم کیو ایم کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی اور انیس قائمخانی نے مختلف برادریوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی ایم کیو ایم میں شمولیت کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قومی حقوق کے نام پر بننے والی جماعتوں کی سوچ آج بھی لسانی ہے۔
خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ پاکستان میں صرف دو اقوام رہتی ہیں ایک امیر اور دوسری غریب، صرف دو مذاہب ہیں ایک حاکم دوسرا محکوم، صرف دو فرقے موجود ہیں ایک ظالم اور دوسرا مظلوم۔
انیس قائمخانی نے کہا کہ ایم کیو ایم آج پہلے سے زیادہ منظم اور مضبوط سیاسی قوت بن چکی ہے، 8 فروری کو ہونے والے انتخابات میں شہری سندھ سے تمام لسانی سوچ رکھنے والی جماعتوں کا صفایا کردیں گے۔