لاہور: (دنیا نیوز) 8 فروری کو ہونے والے قومی انتخابات کا تیسرا اہم مرحلہ آج سے شروع ہوگیا، کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد ہونے کے فیصلوں پر اپیلیں دائر ہونے لگیں۔
انتخابی عمل
ملک بھر میں عام انتخابات کیلئے کاغذات نامزدگی جمع ہونے، منظور یا مسترد ہونے کا مرحلہ مکمل ہوگیا ہے، ریٹرننگ افسروں کے فیصلوں پر اپیلیں دائر کرنے کا عمل آج سے 3 جنوری تک جاری رہے گا، ان اپیلوں پر انتخابی ٹریبونل 10 جنوری تک فیصلہ کریں گے جبکہ امیدوار اپنے کاغذات 12 جنوری تک واپس لے سکیں گے۔
امیدواروں کو انتخابی نشان 13 جنوری کو الاٹ کئے جائیں گے جبکہ عام انتخابات 8 فروری کو ہوں گے۔
عمیر خان نیازی
این اے 89 اور 90 میانوالی سے تحریک انصاف کے امیدوار عمیر خان نیازی نے اپیل دائر کر دی جو سماعت کیلئے منظور کر لی گئی، جسٹس چودھری عبدالعزیز نے ریٹرننگ آفیسر میانوالی اور الیکشن کمشنر پنجاب کو نوٹس جاری کر کے کل تک تمام ریکارڈ طلب کر لیا۔
بانی پی ٹی آئی کے فوکل پرسن برائے قانونی امور اور پی ٹی آئی کے ایڈیشنل جنرل سیکرٹری عمیر خان نیازی نے استدعا کی ہے کہ میرے کاغذات سیاسی انتقام میں این اے 89 اور 90 سے مسترد کئے گئے، ریٹرننگ آفیسر کا فیصلہ کالعدم قرار دے کر الیکشن لڑنے کی اجازت دی جائے۔
شاہ محمود، زین قریشی، مہر بانو قریشی
وائس چیئرمین تحریک انصاف شاہ محمود قریشی کی جانب سے بھی حلقہ این اے 150,151 میں کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف اپیل دائر کر دی گئی۔
شاہ محمود قریشی کے کاغذات نامزدگی این اے 214 تھر پارکر سے بھی مسترد ہوئے جس کے خلاف بھی اپیل دائر کی گئی ہے۔
تحریک انصاف کے زین قریشی کی جانب سے بھی ایپلیٹ ٹریبونل میں اپیل دائر کر دی گئی، زین قریشی کے کاغذات قومی اسمبلی کے حلقہ 150، 151 اور صوبائی اسمبلی کے حلقہ 218,219 سے مسترد ہوئے تھے۔
رہنما پی ٹی آئی مہربانو قریشی کی جانب سے بھی حلقہ این اے 150٫151 کیلئے ایپلٹ ٹربیونل میں اپیل دائر کر دی گئی ہے، قریشی خاندان کی جانب سے درخواست ان کے وکلا نے دائر کی۔
تحریک انصاف کی فضا ذیشان نے بھی کاغذات مسترد ہونے کیخلاف اپیل دائر کر دی، فضا ذیشان خواتین کی مخصوص نشست پر امیدوار ہیں۔
محمود الرشید
لاہور کے حلقہ پی پی 169 سے پی ٹی آئی امیدوار و سابق وزیر میاں محمودالرشید نے بھی ریٹرننگ آفیسر کے فیصلے کے خلاف الیکشن ٹریبونل میں اپیل دائر کر دی۔
اپیل میں کہا گیا کہ ریٹرننگ آفیسر نے حقائق کے برعکس کاغذات نامزدگی مسترد کئے، فیصلے کو کالعدم قرار دے کر کاغذات نامزدگی منظور کئے جائیں۔
فردوس شمیم نقوی
این اے 236 سے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فردوس شمیم نقوی اور دیگر حلقوں سے آزاد امیدواروں نے الیکشن ٹربیونل میں اپیلیں دائر کر دیں۔
جسٹس ارشد حسین پر مشتمل الیکشن ٹریبونل نے پی ٹی آئی کے فردوس شمیم نقوی کی اپیل سننے سے انکار کر دیا، فردوس شمیم نقوی کی اپیل اب جسٹس خادم حسین تنیو پر مشتمل بنچ سنے گا۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی رہنما فردوس شمیم نقوی کے کاغذات نامزدگی این اے 236 سے مسترد ہوئے تھے۔
دوسری جانب جسٹس خادم حسین تنیو پر مشتمل الیکشن ٹریبونل نے پی ایس 86 کے امیدوار مظہر جونیجو کی اپیل پر الیکشن کمیشن اور ریٹرننگ افسر کو نوٹس جاری کر دیا، آزاد امیدوار مظہر جونیجو کے کاغذات نامزدگی تائیدد کنندہ کے دوسرے حلقے چھوڑنے کے باعث مسترد ہوئے تھے۔
زرتاج گل
صوبائی حلقہ پی پی 290 ڈی جی خان سے پاکستان تحریک انصاف کے محی الدین کھوسہ اور پی ٹی آئی کی زرتاج گل نے این اے 185 ڈی جی خان سے کاغذات مسترد کئے جانے پر اپیلیں دائر کر دیں، زرتاج گل کی اپیل پر سماعت کل جسٹس سرفراز ڈوگر کریں گے۔
شعیب شاہین
تحریک انصاف کے امیدوار شعیب شاہین نے اسلام آباد کے تین قومی اسمبلی کے حلقوں سے اپنے کاغذات نامزدگی مسترد کئے جانے کیخلاف اپیل دائر کر دی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر اپیل میں شعیب شاہین نے ریٹرننگ افسر کا حکم کالعدم قرار دینے کی استدعا کی ہے۔
خرم شیر زمان
این اے 247 پر خرم شیر زمان نے کاغذاتِ نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف اپیل دائر کر دی، ڈاکٹر مسرور سیال نے این اے 230 اور 231 کیلئے آر آوز کے فیصلے کے خلاف اپیلیں دائر کیں۔
این اے 244 سے آفتاب جہانگیر نے کاغذاتِ نامزدگی مسترد کرنے کے خلاف اپیل دائر کی جبکہ این اے 245، 246 سے ڈاکٹر سعید آفریدی نے آر او کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کی ہے۔
عطاء اللّٰہ ایڈووکیٹ نے این اے 245 میں کاغذاتِ نامزدگی مسترد کئے جانے کے خلاف اپیل دائر کر دی۔
امیدواروں کی فہرستیں جاری
دوسری جانب ملک بھر کے اضلاع میں ریٹرننگ افسران کی جانب سے کاغذات نامزدگی جانچ پڑتال کا عمل مکمل کرنے کے بعد امیدواروں کی فہرستیں جاری کر دی گئیں، ان فہرستوں میں کاغذات نامزدگی مسترد کئے جانے والوں میں ملک کی کئی بڑی سیاسی شخصیات بھی شامل تھیں۔
پاکستان تحریک انصاف کے بانی سمیت سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور پی ٹی آئی کے متعدد رہنماؤں کے کاغذات نامزدگی مسترد کر دیئے گئے۔
اسی طرح سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد اور پنجاب کی سابق وزیر یاسمین راشد، اختر مینگل، فواد چودھری اور انکی اہلیہ حبا فواد،اعظم سواتی، ذوالفقار مرزا، فہمیدہ مرزا اور انکے بیٹے کے کاغذات نامزدگی بھی مسترد کر دیئے گئے۔
دوسری جانب ن لیگ کے صدر اور سابق وزیراعظم شہباز شریف، نواز شریف، بلاول بھٹو زرداری اور صادق سنجرانی سمیت دیگر کے کاغذات نامزدگی منظور ہوگئے ہیں۔