کوئٹہ: (دنیا نیوز) بلوچستان میں انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر سیاسی جماعتوں کو نوٹس جاری کر دیئے گئے۔
نوٹس ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر الیکشن کمیشن کی جانب سے بلوچستان نیشنل پارٹی، پشتونخوا ملی عوامی پارٹی اور جمعیت علمائے اسلام کے صوبائی صدور کو بھیجا گیا ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق پی بی 45 کے لئے قائم مانیٹرنگ ٹیم کی جانب سے بی این پی، جمعیت علمائے اسلام اور پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے خلاف شکایت کی گئی، بی این پی، جمعیت علمائے اسلام اور پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے کارکنوں نے سریاب روڈ کوئٹہ میں نئے بنائے گئے سٹریٹ لائٹ پولز کو پارٹی پرچم کے رنگ سے پینٹ کیا ہے۔
جاری کئے گئے نوٹس میں کہا گیا کوئی شخص یا سیاسی جماعت عوامی عمارت یا کسی دوسری عوامی املاک پر پارٹی کے جھنڈے نہیں لہراسکتی، سٹریٹ لائٹ کے پولز سے رنگ کو تین دن کے اندر مٹایا جائے، رنگ نہ ہٹانے کی صورت میں قانون کے تحت کاروائی کی جائے گی۔