کراچی: (دنیا نیوز) شہر قائد میں انتخابی الائنس اور سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے لیے مسلم لیگ ہاؤس کارساز میں ایم کیو ایم پاکستان اور مسلم لیگ ن کی اہم بیٹھک ہوئی۔
اجلاس میں نہال ہاشمی، رانا مشہود، امین الحق، جاوید حنیف، حسان ایڈووکیٹ و دیگر نے شرکت کی، اجلاس میں 5 قومی اور 12 صوبائی نشستوں پر سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر بات چیت کی گئی۔
اجلاس کے بعد ایم کیو ایم پاکستان اور مسلم لیگی رہنماؤں نے مشترکہ پریس کانفرنس کی، جس سے خطاب کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے رہنما امین الحق نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہیں، ایم کیوایم کا وعدہ ہے ہم وزیراعظم کے لئے نواز شریف کو ووٹ دیں گے۔
امین الحق نے کہا کہ ہماری خواہش ہے سندھ میں کرپشن کا خاتمہ ہو، پیپلز پارٹی کی جانب سے 15 برسوں میں جو محرومیاں عوام کا مقدر بنیں ان کو دور کیا جائے، مسلم لیگ کے ساتھ کچھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ ہوئی ہے دیگرسیٹوں پر اعلیٰ قیادت سے مشاورت کے بعد فیصلہ کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ سندھ کا وزیراعلیٰ کا امیدوار ایم کیو ایم اور مسلم لیگ ن کا مشترکہ ہو گا، این اے 242 سینئر ڈپٹی کنوینئر مصطفیٰ کمال کا حلقہ ہے، اسی حلقہ سے شہباز شریف امیدوار ہیں، اب این اے 242 کی سیٹ ایڈجسٹمنٹ بارے شہباز شریف اور خالد مقبول صدیقی فیصلہ کریں گے۔
امین الحق نے کہا کہ ایم کیو ایم شہری سندھ کی بڑی پارٹی ہے، ایم کیو ایم سب کو ساتھ لے کر چلنا چاہتی ہے، پیپلز پارٹی نے اپنے دور میں جی ڈی اے کے ساتھ بھی زیادتی کی۔