کراچی: (دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ جتنی بھی سازشیں ہوں الیکشن بروقت ہونے چاہئیں۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ سینیٹ میں کارروائی کس کے کہنے پر ڈالی گئی؟ کونسی پارٹی ہے جو انتخابات میں جانے سے گھبرا رہی ہے، یہ لوگ اصل میں نااہل ہیں لیکن سرٹیفکیٹ اہلیت کے مل جاتے ہیں، قانونی چیز تو قانونی لوگ کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایک شہری کی حیثیت سے ہم بہت کچھ سمجھ رہے ہیں، چیف جسٹس کے فیصلے یہ ثابت کریں کہ وہ کسی کی فیور میں نہیں، انصاف ہونا بھی چاہیے اور نظر بھی آنا چاہیے، کل لوگوں نے فیصلہ ضرور سنا لیکن کیا انصاف ہوتا ہوا دکھائی دیا ہے۔
امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھا کہ مختلف جماعتوں میں سیٹوں کو لے کر جھگڑا ہو رہا ہے، جماعت اسلامی انتخابات میں حصہ لے رہی ہے، کراچی کے لوگوں سے اپیل ہے کہ ووٹ جماعت اسلامی کو دیں، اب وہ دور شروع ہوگا جس سے شہر آگے بڑھے گا۔
حافظ نعیم الرحمان نے مزید کہا کہ غزہ کے مسلمانوں کے لئے لہر ختم ہو رہی ہے جس سے وہاں ظلم بڑھ رہا ہے، ہماری ترجیح فلسطین ہے، 14 جنوری کو غزہ فلسطین مارچ شاہراہِ فیصل پر کریں گے، ہر باضمیر لوگوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ اپنی فیملی کے ہمراہ تشریف لائیں۔