کراچی: (دنیا نیوز) عدالت نے سابق ایس ایچ او امان اللہ مروت سمیت 7 ملزموں پر فرد جرم عائد کر دی۔
انسداد دہشت گردی کی عدالت میں نقیب اللہ قتل کیس کی سماعت ہوئی، عدالت میں ملزموں نے صحت جرم سے انکار کر دیا، عدالت نے آئندہ سماعت پر تفتیشی افسر اور گواہوں کو طلب کر لیا، گرفتار ملزموں سابق ایس ایچ او امان اللہ مروت، گدا حسین، صداقت حسین، ریاض احمد، راجہ شمیم اور محسن عباس کو عدالت میں پیش کیا گیا۔
ضمانت پر رہا مقدمے کا مرکزی ملزم سابق پولیس افسر شعیب شوٹر بھی پیش ہوا، عدالت نے جیل حکام کو گرفتار ملزموں کو آئندہ سماعت پر بھی پیش کرنے کی ہدایت کر دی، مقدمے میں سابق ایس ایس پی ملیر راؤ انوار سمیت 18 پولیس افسروں اور اہلکاروں کو بری کیا جا چکا ہے۔
پراسیکیوشن کے مطابق مقدمے میں سابق ایس ایچ او امان اللہ مروت سمیت 7 پولیس افسر اور اہلکار مفرور تھے، ساتوں مفرور ملزموں نے انسداد دہشت گردی عدالت کے فیصلے کے بعد خود کو سرنڈر کیا تھا، مقدمے میں ایک ملزم شعیب شوٹر ضمانت اور امان اللہ مروت سمیت 6 ملزم گرفتار ہیں۔
واضح رہے کہ نقیب اللہ کو جنوری 2018ء میں پولیس مقابلے میں ہلاک کیا گیا تھا۔