کراچی: (دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ 8 فروری کو پیپلزپارٹی کے جبر کی سیاہ ترین رات ختم ہوگی اور امن کا سورج طلوع ہوگا۔
امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے لیاری میں خواتین ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 8 فروری کو عام انتخابات ہونے والے ہیں جس میں آر اوز اور ڈی آر اوز پارٹی کے مقرر کئے جا رہے ہیں، پیپلزپارٹی کے ورکرز بھی پیپلزپارٹی سے ناراض ہیں، آر اوز اور ڈی آر اوز بھی دھاندلی نہیں کرنے دیں گے۔
حافط نعیم الرحمان نے کہا کہ لیاری کے عوام کو نشے کا عادی بنایا جارہا ہے، بستیوں میں منشیات فروخت ہورہی ہے، یہ کیسے ممکن ہے کہ پولیس کو اس کا علم نہ ہو، انتخابات کے وقت ایک دوسرے کے سامنے آکر بیانات دیتے ہیں اور بعد میں ایک دوسرے کے ساتھ ملکر رہتے ہیں۔
امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا کہ صوبہ سندھ سب سے زیادہ گیس برآمد کرتا ہے اس کے باوجود اس صوبے کے عوام کو گیس نہیں دی جاتی، کراچی منی پاکستان ہے اس کے باوجود تعلیم، صحت، ٹرانسپورٹ سمیت بنیادی ضرورت کی اشیاء میسر نہیں ہیں۔
حافط نعیم الرحمان نے کہا کہ پیپلزپارٹی والوں کا وطیرہ رہا ہے کہ وہ مینڈیٹ نہیں مانتے ملک توڑ دیتے ہیں، پیپلزپارٹی نے بلدیات میں قبضہ میئر لاکر بٹھا دیا ہے، ہمارے حکمرانوں کی بے بسی کی وجہ سے ہی اسرائیل مظلوم فلسطینیوں پر ظلم کر رہا ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ 14 جنوری کو شاہراہ فیصل پر تاریخی غزہ ملین مارچ کریں گے۔