ہم الیکشن میں اُتر چکے مگر کوئی دوسرا نظر نہیں آ رہا: بلاول بھٹو

Published On 10 January,2024 09:38 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سنا تھا لاہور میں ن لیگ کا راج ہے مگر این اے 127 میں امیدوار کون ہے کوئی نہیں جانتا، کیا آپ کو پتہ ہے یہاں (ن) لیگ کا اُمیدوار کون ہے؟۔

این اے 127 میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہم الیکشن میں اُتر چکے ہیں مگر کوئی دوسرا نظر نہیں آ رہا ہے، لاہور میں ن لیگ نظر آ رہی ہے نہ پی ٹی آئی کہیں دکھائی دیتی ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ پیپلز پارٹی لاہور میں الیکشن کے لیے تیار ہے، ہماری ٹیم دن رات محنت کرے گی اور عوام کی آواز بنیں گے، پیپلز پارٹی لاہور میں بھی بڑے جذبے کیساتھ الیکشن لڑنے کیلئے تیار ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ پارٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ انتخابی مہم میں فیصل میر میری نمائندگی کریں گے، ہم پیچھے ہٹنے والے اور گھبرانے والے نہیں، لاہور کل بھی بھٹو کا تھا اور آج بھی بھٹو کا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم بنا تو تنخواہوں میں اضافہ کروں گا، اگر موقع ملا تو 300 یونٹ بجلی مفت دوں گا، 30 لاکھ گھر بنانے کیلئے آپ نے تیر پر ٹھپہ لگانا ہے، ہمارے 10 نکاتی منشور کو آپ نے گھر گھر پہنچانا ہے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ نوجوانوں کی یوتھ کارڈ کے ذریعے مدد کریں گے، ہم بینظیر مزدور کارڈ بھی متعارف کرائیں گے، ہمارا مقابلہ کسی سیاسی جماعت سے نہیں غربت اور بےروزگاری سے ہے، 8 فروری کو ملک میں الیکشن ہو رہے ہیں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ ذاتی انا کی سیاست کو دفن کر کے 8 فروری کو نئی سیاست کا آغاز کریں گے، 8 فروری کو الیکشن ہوں گے، (ن) لیگ چاہے کچھ بھی کر لے۔

یہ بھی پڑھیں: پیپلزپارٹی نے خیبرپختونخوا کی صوبائی نشستوں کیلئے ٹکٹ ہولڈرز کے نام جاری کر دیئے

انہوں نے کہا کہ ہم ملک میں غربت کا مقابلہ کریں گے، ہماری حکومت آئی تو بی آئی ایس پی میں مزید اضافہ کریں گے، 10 نکاتی معاشی معاہدے سے بیروزگاری کا خاتمہ کریں گے۔