اسلام آباد: (دنیا نیوز) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ حلقہ 56 کی انتخابی مہم خود چلاؤں گا، 57 کی انتخابی مہم شیخ راشد شفیق چلائیں گے، ہم نے جن کیلئے 40 دن چلہ کاٹا انہوں نے بھی ہمارے خلاف کاغذات جمع کرا دیئے۔
شیخ رشید نے کہا کہ لال حویلی پر کئی بار حملہ کرنے کی کوشش کی گئی، اپنی انتخابی مہم کا آغاز لال حویلی سے ہی کر رہا ہوں، قلم دوات 8 فروری کو اکثریت سے جیتے گی۔
سربراہ عوامی مسلم لیگ نے کہا کہ ہمارے اوپر 15 مقدمات ہوئے ہیں، راشد شفیق کے ملا کر 22 مقدمات ہو جاتے ہیں، بانی پی ٹی آئی کے بعد کسی شخص پر زیادتیاں ہوئیں تو وہ میں ہوں، ہمیں مفرور رکھا گیا، سب اللہ پر چھوڑتے ہیں۔
شیخ رشید نے کہا کہ کسی کے ساتھ لڑائی نہیں سب کے ساتھ صلح ہے، جن اپنوں نے ہمارے خلاف کاغذات جمع کرائے ان سے بھی کوئی ناراضگی نہیں، جن اپنوں نے ہمارے خلاف کاغذات جمع کرائے ان کو خوش آمدید کہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ انتخابی مہم راولپنڈی میں پیدل کروں گا، آج انتخابی مہم کی ابتدا کرنے لگا ہوں، میں نسلی، اصلی، غیرت مند اور خوددار ہوں، میں نہ بکا نہ جھکا، نہ میں نے 40 دن کے اندر بانی پی ٹی آئی کے خلاف بات کی، جو اصول پر ووٹ دینا چاہتا ہے وہ 8 فروری کو قلم دوات کو ہی ووٹ دے گا۔