اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ کے سابق جج جسٹس مظاہر نقوی کے خلاف شکایات پر سپریم جوڈیشل کونسل کا اجلاس آج پھر ہوگا۔
سپریم جوڈیشل کونسل میں گزشتہ سماعت پر اٹارنی جنرل نے بتایا تھا کہ وفاقی حکومت نے ریٹائرڈ ججوں کے خلاف سپریم جوڈیشل کونسل کی کارروائی نہ کرنے کے عدالتی فیصلے کے خلاف اپیل دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
سپریم کورٹ کے مستعفی ہونے والے جج مظاہر علی اکبر نقوی کے خلاف شکایات کے معاملے پر چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں سپریم جوڈیشل کونسل نے کارروائی انتخابات تک ملتوی کر دی تھی۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ کے سابق جج جسٹس مظاہر نقوی نے گزشتہ ہفتے عہدے سے استعفیٰ دیا تھا جسے صدر پاکستان نے منظور کرلیا جب کہ سپریم جوڈیشل کونسل نے سابق جج کے استعفے کے باوجود کونسل کی کارروائی جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
دوسری جانب سپریم جوڈیشل کونسل نے مستعفی جج سپریم کورٹ مظاہر علی اکبر نقوی سے متعلق سماعت اوپن کرنے کی اجازت دی تھی۔
مظاہر نقوی نے جوڈیشل کونسل کی کارروائی اوپن کرنے کا مطالبہ کیا تھا جس پر کونسل نے ان کی درخواست متفقہ طورپرمنظورکر لی۔