شیر عوام کا خون چوستا ہے، چوتھی بار وزیراعظم نہیں بننے دیں گے: بلاول بھٹو

Published On 17 January,2024 03:45 pm

بدین:(دنیا نیوز) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ شیر عوام کا خون چوستا ہے اسے چوتھی بار وزیراعظم نہیں بننے دیں گے۔

بدین میں انتخابی مہم کے دوران جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ بدین والو ایک بار پھر آپ کے پاس پیپلز پارٹی کی انتخابی مہم کے سلسلے میں آیا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ہم جدوجہد کررہے ہیں کہ 8 فروری کو پیپلز پارٹی کی عوامی حکومت بنے، کسانوں، مزدروں کی حکومت بنے، یہاں عوامی راج قائم ہو، مہنگائی، غربت اور بیروزگاری تاریخی سطح پر پہنچ چکی ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ آپ موقع دیں گے تو میں اپنے 10نکاتی معاشی معاہدے پر عملدرآمد کروں گا، دوسری طرف ایک صاحب چوتھی بار وزیراعظم بننا چاہتے ہیں، ان صاحب کے پاس کوئی منشور ہے نہ کوئی نظریہ۔

چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ ہمیں عوام کی ترقی کا بندوبست کرنا ہے، پیپلز پارٹی وہ واحد سیاسی جماعت ہے جو الیکشن لڑرہی ہے اور مہم چلا رہی ہے، میں وزیراعظم کیلئے پارٹی کا نامزد امیدوار ہوں، میں اپنا منشور لیکر جگہ جگہ عوام کے پاس جارہا ہوں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ مخالفین نفرت کی سیاست کر کے عوام کو نقصان پہنچارہے ہیں، انہیں عوام کی کوئی فکر نہیں، کرسی پر چوتھی بار بیٹھنے کی فکر ہے، ہمیں غربت، بھوک اور بیرزگاری کی فکر ہے۔

انہوں نے کہا کہ میرے تمام بھائی گھر گھر جائیں اور یہ عوامی معاشی معاہدہ دکھائیں، وعدہ ہے غریب عوام کو 300یونٹ مفت بجلی پہنچاؤں گا، تاریخ گواہ ہے جب بھی موقع ملا ہم عوام، غریب اور کسان کی خدمت کرتے ہیں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ الیکشن میں دو جماعتیں آپس میں مقابلہ کررہی ہیں، ہم تمام کارکنان، جمہوریت پر یقین رکھنے والوں کو کہتے ہیں ہمارا ساتھ دیں، ایک شخص کو تین بار موقع دیا جاتا ہے تو ناکام ہوتا ہے، پھر ہم کس خوشی میں اس شخص کو چوتھی بار تسلیم کریں؟

بلاول بھٹو نے کہا کہ قائد عوام نے روٹی، کپڑا اور مکان کا نعرہ دیا، پیپلز پارٹی نعرہ اور وعدہ پورا کرنا چاہتی ہے، ہم سندھ میں سیلاب متاثرین کیلئے گھر بنارہے ہیں، متاثرین کو گھر کے ساتھ خواتین کو مالکانہ حقوق دے رہے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ آپ میرا مؤقف گھر گھر پہنچائیں، وعدہ کیا ہے غربت کا مقابلہ کرنے کیلئے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں اضافہ کریں گے، ہم عوام کو بلاسود قرضہ دلوائیں گے، مزدوروں اور محنت کشوں کیلئے بینظیر مزدور کارڈ لائیں گے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ نوجوانوں کیلئے یوتھ کارڈ لیکر آئیں گے، مالی مدد دیں گے، نوجوانوں کو سکلز دیں گے جس سے انکو روزگار مل سکے، ہم یونین کونسل کی سطح پر بھوک مٹاؤ پروگرام چلائیں گے تاکہ ملک کا کوئی بچہ بھوکا نہیں سوئے۔

انہوں نے کہا کہ آپ نئی سوچ اور سیاست کا ساتھ دیں جو عوام کو جوڑتے ہیں، باقی سیاست دان آپس میں لڑرہے ہیں، میں آپکے لیے لڑرہا ہوں، آپ تیر پر ٹھپہ لگائیں مجھے جتوائیں میں آپکا نمائندہ بنوں گا، جب ہماری حکومت ہوگی تو اسلام آباد میں بیٹھ کر عوام کیلئے فیصلے کریں گے۔