سندھ جاگ رہا، وڈیروں، جاگیرداروں سے نجات ملنے والی ہے: حافظ نعیم الرحمان

Published On 17 January,2024 06:57 pm

کراچی: (دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ سندھ جاگ رہا ہے، اب وڈیروں، جاگیرداروں اور ان کے سہولت کاروں سے نجات ملنے والی ہے۔

امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے خواتین کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری سکولوں میں زرداری، فریال یا کوئی وڈیرہ اپنے بچوں کو تو بھجوائے، سندھ سیکرٹریٹ میں کام کرنے والا ملازم بھی اپنے بچے نہیں پڑھائے گا۔

حافظ نعیم الرحمان نے مزید کہا کہ سید مراد علی شاہ پڑھے لکھے ہیں لیکن یہ عوام کو جاہل بناتے ہیں، جماعت اسلامی سندھ کے وڈیروں اور جاگیرداروں کو عام انتخابات میں شکست دے گی، سندھ میں کھیتوں میں کام کرنے والی خواتین کو ان کا حق نہیں دیا جاتا، خواتین کے حقوق پر بات کرنے والی این جی اوز نے سب سے زیادہ سندھ میں خواتین کا استحصال کیا۔

امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا کہ کراچی کے عوام پورے ملک میں موجود رشتہ داروں سے رابطہ کریں اور سوشل میڈیا مہم چلائیں، ہر ایک سے رابطہ کریں اور انہیں باور کرائیں کہ تعمیر و ترقی کا نشان صرف اور صرف ترازو ہے۔