فورٹ عباس: (دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ اقتدار میں آکر کرپٹ عناصر کو چوکوں، چوراہوں میں نشان عبرت بنائیں گے۔
امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ کلین گرین اور کرپشن فری پاکستان کی بات کروں گا، آپ کے پاسپورٹ کی اہمیت پوری دنیا میں ہو، ایک خوشحال پاکستان کی بات کروں گا، 8 فروری کے بعد جماعت اسلامی کیسا پاکستان بنائے گی۔
سراج الحق نے کہا کہ ہم خلافت کا نظام قائم کریں گے، ہم انگریز کے مسلط نظام کو تبدیل کریں گے، ہم قران پاک کا نظام قائم کریں گے، ہم قرآن کے مطابق عدل و انصاف کا نظام قائم کریں گے، جو قرآن کے مطابق فیصلے نہیں کرتے وہ نظام بدل دیں گے، جماعت اسلامی چاہتی ہے کہ جج کے ہاتھ میں قرآن ہو۔
امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ قرآن کا نظام نافذ ہوگا تو کمزور اور غریب طاقتور ہوگا، 35 سال جرنیلوں نے حکومت کی، 35 باقی پارٹیوں نے حکومت کی لیکن نظام انگریز کا رہا، 8 فروری کے بعد پاکستان کا معاشی نظام تبدیل کریں گے، اس معاشی نظام میں 2 فیصد لوگ مزے میں ہیں، 98 فیصد عوام اس معاشی نظام میں تکلیف میں ہے۔
سراج الحق نے کہا کہ ہمارا آدھا بجٹ قرضے کی مد میں چلا جاتا ہے، ہم نے خیبر بینک کو سودی نظام سے پاک کر دیا تھا، جب میں صوبائی فنانس منسٹر تھا تو خیبر پختونخوا کا سارا قرض ختم کر دیا تھا، میرے فنانس منسٹر کا دور ختم ہونے کے بعد دوبارہ 1 ہزار ارب کا خیبرپختونخوا کو مقروض کر دیا گیا۔