کراچی: (دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ کے الیکٹرک کو 2044 تک کا لائسنس دینا انتہائی قابل مذمت اور کراچی سے کھلی دشمنی ہے۔
کے الیکٹرک کو 20 سال کا لائسنس جاری کرنے پر ردعمل دیتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ کے الیکٹرک نے کراچی کے عوام کو لوٹا اور بلاتعطل و سستی بجلی فراہم کرنے میں ناکام رہا ہے، نگران حکومت کو طویل مدتی فیصلوں سے باز رہنا چاہیے۔
امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے مزید کہا کہ کے الیکٹرک این ٹی ڈی سی کا 62 ارب اور سوئی سدرن گیس کمپنی کا 172 ارب روپے کا نادہندہ ہے، کے الیکٹرک پر کلاؤ بیک کی مد میں کراچی کے عوام کے 52 ارب روپے واجب الادا ہیں۔