کراچی: (دنیا نیوز) متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے کنوینئر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ پاکستان جمہوریت کے راستے پر ہے اور اپنے حکمران اور نمائندوں کو چننے کا موقع مل رہا ہے۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ کراچی اور سندھ کے شہری علاقے 75 سال سے پاکستان کی سلامتی کیلئے قربانی دیتے رہے ہیں اور دیتے رہیں گے، ہم سمجھتے ہیں سندھ کے شہری علاقوں کی عوام کا حق ہے جو مینڈیٹ وہ دیں اسکا نتیجہ وہی سامنے آئے، 2018ء انتخابات کی کریڈیبلٹی سب کے سامنے ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ صاف، شفاف اور غیرجانبدار انتخابات ہماری اور سب کی ضرورت ہیں، کراچی کی عوام کی رائے درجنوں انتخابی جلسوں کے بعد سامنے آ چکی ہے، کراچی، کراچی والوں کو ملنے والا ہے، اتوار 21 جنوری کو شام چار بجے کراچی کے مینڈیٹ پر عوامی مہر لگے گی، 21 جنوری کو جبر کے ہارنے کا اعلان اور اس شہر کا فیصلہ ہونا ہے۔