اسلام آباد: (دنیا نیوز) سیکرٹری الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پرنٹنگ پریس آف پاکستان کا دورہ کیا۔
ذرائع کے مطابق سیکرٹری الیکشن کمیشن نے بیلٹ پیپرز کی طباعت کا جائزہ لیا، سیکرٹری الیکشن کمیشن کی جانب سے بیلٹ پیپرز کے معیار اور طباعت کے عمل پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔
الیکشن کمیشن ذرائع کے مطابق تمام حلقوں کے بیلٹ پیپرز کی چھپائی کا عمل 3 فروری تک مکمل ہو گا، 3 فروری تک 26 کروڑ بیلٹ پیپرز چھاپے جائیں گے، بیلٹ پیپر خصوصی فیچرز کا حامل ہو گا۔
ذرائع نے بتایا کہ کراچی میں پہلے بلوچستان اور پھر سندھ کے حلقوں کے بیلٹ پیپرز چھاپے جا رہے ہیں، اسلام آباد میں سرکاری پرنٹنگ میں خیبرپختونخوا، پنجاب اور اسلام آباد کے حلقوں کے بیلٹ پیپرز کی چھپائی شروع ہے۔
ووٹ کی چھپائی کے لئے 2 ہزار 70 ٹن خصوصی کاغذ مہیا کیا گیا ہے، قومی و صوبائی اسمبلیوں کے 17 ہزار 816 امیدواروں نے الیکشن 2024ء میں حصہ لیا ہے۔