والٹن ایئرپورٹ پر میوزیم بنانے سے متعلق درخواست پر فریقین سے دلائل طلب

Published On 22 January,2024 11:44 am

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے والٹن ایئرپورٹ پر میوزیم بنانے سے متعلق درخواست پر فریقین کو دلائل کیلئے طلب کر لیا۔

لاہور ہائیکورٹ میں والٹن ایئرپورٹ پر میوزیم بنانے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی، جسٹس رسال حسن سید نے لاہور فلائنگ کلب سمیت دیگر کی درخواست پر سماعت کی۔

دوران سماعت سول ایوی ایشن کے وکیل نے مؤقف اپنایا کہ سی بی ڈی کے قانون کو چیلنج کیا گیا ہے، والٹن میں فلائنگ کلب تھا پھر وہاں سے شفٹ کر دیا گیا، اب فلائنگ کلب مریدکے جا چکا ہے، 2 ہفتے میں سب کچھ شروع ہو جائے گا۔

جس پر وکیل جواب دہندہ نے کہا کہ جسٹس علی باقر نجفی نے ان معاملات کے فیصلے کر دیئے ہیں، جسٹس جواد حسن نے وہاں پر ایک میوزیم بنانے کا کہا تھا، ہم نے صرف یہ درخواست کی ہے کہ میوزیم کو صرف ایک جگہ سے دوسری جگہ شفٹ کر دیا جائے۔

جواب دہندہ کے وکیل نے مزید کہا کہ جو کمیٹی میوزیم بنانے کیلئے تشکیل دی گئی تھی وہ تحلیل ہوگئی ہے، ہماری درخواست ہے کہ اس پر کمیٹی تشکیل دی جائے۔

بعدازاں عدالت نے فریقین کے وکلاء سے دلائل طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت 30 جنوری تک ملتوی کر دی۔