پولنگ عملے کی تربیت کے دوران غیر حاضری کا نوٹس، سخت کارروائی کا فیصلہ

Published On 22 January,2024 11:55 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پولنگ عملے کی تربیت کے دوران غیر حاضری کے واقعات کا سخت نوٹس لے لیا۔

ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق غیر حاضر رہنے والے عملے اور سٹاف کے خلاف سخت انضباطی کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے حوالے سے چیف الیکشن کمشنر کی جانب سے تمام چیف سیکرٹریز اور صوبائی الیکشن کمشنرز کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

ترجمان نے مزید کہا ہے کہ پولنگ سٹاف کی تربیت کے دوران حاضری کو یقینی بنایا جائے، تربیت کے دوران غیر حاضر رہنے والے ملازمین کی فوری معطلی اور ان کے خلاف ضابطہ کی سخت ترین کارروائی یقینی بنائی جائے، اس سلسلے میں کوئی غفلت اور کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔