نارووال: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی ملک کے اندر خانہ جنگی کرانا چاہتے ہیں، گالیاں دے کر پگڑیاں اچھال کر ملک نہیں چلتے۔
مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے این اے 76 میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے فتنے سے باخبر رہنا ہو گا، پاکستان قائداعظم نے بنایا ہے، قائداعظم پاکستان کے بانی ہیں، پاکستانی ریاست کے باپ ہیں۔
احسن اقبال نے کہا کہ وہ بچہ جو باپ کا مکان جلا کر راکھ کر دے وہ حلال کا ہو سکتا ہے؟ بانی پی ٹی آئی کی جماعت نے لاہور میں قائداعظم کے گھر ان کی نشانی کو جلا دیا، شہداء کی نشانیوں کو توڑنا کیا پاکستان کی غیرت برداشت کر سکتی ہے؟ بانی پی ٹی آئی اور اس کے ٹولے نے ہمارے شہداء کی توہین کی، دشمنوں کے کلیجے ٹھنڈے کئے۔
سابق وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ ایران نے حملہ کیا کس نے جواب دیا؟ بانی پی ٹی آئی اور اس کی جماعت پاکستانی فوج کو عدالتوں سے لڑا رہے ہیں، اس کا مطلب ہے اس کے پیچھے ان کا منشور ہے۔