کراچی: (دنیا نیوز) ایم کیو ایم کے سینئر ڈپٹی کنوینر فاروق ستار نے کہا کہ بدترین سیاستدان سے جان چھوٹنے والی، آج ثابت ہوگیا سندھ میں تبدیلی آنے والی ہے، آج نکاح ہوا ہے 8 فروری کو ولیمہ کھائیں گے۔
ایم کیو ایم کے سینئر ڈپٹی کنوینر فاروق ستار نے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم ٹوئنٹی 20 کھیل کر میچ جیت کر فارغ ہوجاتے ہیں، اہلیان کراچی نے سندھ میں ہونے والی سیاسی تبدیلی کا آغاز کر دیا، اب ایم کیوایم شہروں کے ساتھ سندھ کے گوٹھوں میں بھی حکومت بنائے گی۔
فاروق ستار نے کہا کہ آج کا پنڈال لاڑکانہ، نوابشاہ، جیکب آباد، مورو، سکھر کے لوگوں کیلئے اعلان کر رہا ہے کہ بہت جلد بددیانتوں سے سندھ کی جان چھوٹنے والی ہے، سندھ میں ایم کیو ایم پاکستان حکومت بنائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ظلم اور زیادتی کے نئے ریکارڈ قائم کئے جارہے ہیں، وڈیرے ہماری 5 لاکھ نوکریاں کھا گئے، بجلی اور گیس کا بحران ختم کریں گے، پنجاب میں آج بھی گیس آرہی ہے لیکن کراچی میں نہیں آرہی، کراچی میں بسنے والی تمام قومیں غلامی اوربے بسی کی زندگی سے عاجز آگئیں۔
ایم کیو ایم کے سینئر ڈپٹی کنوینر نے کہا کہ 8 فروری کو پتنگ پرنشان لگانے سے سندھ کے مظلوموں کو حقیقی آزادی ملے گی، آج فتح کا اعلان ہوگیا ہے، انشاء اللہ 8 فروری کو ولیمے کی دعوت ہوگی۔