اسلام آباد: (دنیا نیوز)الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کے دو حلقوں این اے 83 اور این اے 85 سرگودھا میں انتخابات ملتوی کرنے کے ریٹرننگ افسران کے نوٹیفکیشن منسوخ کر دیئے۔
چیف الیکشن کمشنر نے ہدایت کی کہ دونوں حلقوں میں انتخابات ہوں گے اور انتخابی عمل جاری رکھا جائے۔
الیکشن کمیشن میں این اے 83 اور 85 سرگودھا میں امیدوار فوت ہونے پر انتخابات ملتوی کرنے کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔
درخواست گزار مسلم لیگ (ن) کے امیدوار ذوالفقار علی بھٹی الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے، ڈی آر او سرگودھا اور ریٹرننگ افسران بھی الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے۔
ذوالفقار علی بھٹی نے کہا کہ مجھے ریٹرننگ افسر کا ایک نوٹس ملا کہ آپ کے حلقہ میں امیدوار فوت ہوگیا ہے، وفات پانے والے امیدوار کا ڈیتھ سرٹیفکیٹ 15 جنوری کا ہے۔
لیگی امیدوار ذوالفقار علی بھٹی نے مؤقف اپنایا کہ تحقیقات کرنے پر پتا چلا کہ صادق علی کی وفات 2 جنوری کو ہوئی، 3 جنوری کو نماز جنازہ ہوئی، اس معاملہ میں جعلسازی کی گئی، دو حلقوں میں انتخابات ملتوی کروانے کیلئے سازش کی گئی، ڈی سی سرگودھا نے معاملہ کی انکوائری بھی کروائی ہے۔
ذوالفقار علی بھٹی نے کہا کہ میری درخواست ہے کہ انتخابات ملتوی نہ کئے جائیں۔
ڈی آر او سرگودھا نے مؤقف اپنایا کہ میں نے انکوائری کروائی ہے، انکوائری میں ثابت ہوگیا ہے کہ صادق علی کی وفات 2 جنوری کو ہوئی ہے، انکوائری میں صادق علی کی والدہ، بیٹی، امام مسجد کے بیان ریکارڈ کئے گئے ہیں۔
چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ انتخابات ملتوی کرنے سے پہلے ریٹرننگ افسران نے انکوائری کیوں نہیں کی، ریٹرننگ افسر این اے 85 نے کہا کہ اب یہ ثابت ہو چکا ہے کہ صادق علی کی وفات 2 جنوری کو ہوئی تھی، ہمیں جعلی ڈیٹھ سرٹیفکیٹ فراہم کیا گیا تھا۔
سیکرٹری یونین کونسل نے کہا کہ ہم نے نمبردار کی تصدیق اور بیٹے کی درخواست پر ڈیتھ سرٹیفکیٹ جاری کیا، نمبردار نے کہا کہ میرے جعلی دستخط کئے گئے۔
سماعت کے دوران مداخلت پر چیف الیکشن کمشنر نے سیکرٹری یونین کونسل کی سرزنش کر دی۔
چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ ایک تو غلط کام کرتے ہو اور یہاں آ کر بحث کرتے ہو، چیف الیکشن کمشنر نے سیکرٹری یونین کونسل کے خلاف ڈی سی سرگودھا کو کارروائی کی ہدایت کر دی اور کہا کہ اس شخص کو نوکری سے برخواست کرنا چاہیے۔
امام مسجد نے بتایا کہ میں نے صادق علی کی نماز جنازہ 3 جنوری کو پڑھائی۔
الیکشن کمیشن نے این 83 اور این اے 85 میں انتخابات ملتوی کرنے کے ریٹرننگ افسران کے نوٹیفکیشن منسوخ کر دیئے۔
چیف الیکشن کمشنر نے ہدایت کی کہ دونوں حلقوں میں انتخابات ہوں گے اور انتخابی عمل جاری رکھا جائے۔