فواد چودھری کا الیکشن کمیشن کو خط، انتخابات کے بائیکاٹ کااعلان

Published On 22 January,2024 10:25 am

اسلام آباد: (دنیانیوز) سابق وفاقی وزیر ‎فواد چودھری اور انکے گروپ نے الیکشن کے مکمل بائیکاٹ کا اعلان کر دیا۔

فوادچودھری نے الیکشن کمیشن کوخط لکھ دیا ، سابق وفاقی وزیر کی جانب سے الیکشن کمیشن کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ انتخابات میں چناؤ ہی نہ ہو تو ایسے انتخابات کے کیا معنی ہیں؟

انہوں نے کہا کہ مجھے گرفتار کیا گیا کہ میں الیکشن سے دستبردار ہو جاؤں، ہمارے کارکنوں کو ڈرایا دھمکایا گیا، گرفتار کیا گیا۔

سابق وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ بلا جواز ہمارے کاغذات نامزدگی مسترد کیے گئے، میرے بھائی کے کاغذات منظور ہوئے تو انہیں نیب میں میرا شریک ملزم بنا دیا۔

خط میں ان کاکہنا تھا کہ انتخابات 2024 آئین کی اس بنیادی ضمانت کو تہہ و تیغ کرتے ہوئے ہو رہے ہیں، قومی انتخابات کا کھیل اس طرح رچایا گیا کہ بقول وارث شاہ گلیاں ہو جان سنجیاں وچ مرزا یار پھرے ، ریاست کے تقاضوں کے مطابق ہمارا آئین جمہوریت کی اساس پر قائم ہے۔

انہوں نے لکھا کہ ریاست کا اقتدار عوام کی امانت ہے ، ہمارا آئین یہ ضمانت دیتا ہے، اس اصول کو انتخابات کے ذریعے لاگو ہونا ہوتا ہے۔

واضح رہے کہ فواد چودھری کو قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 60 اور این اے 61 جہلم سے الیکشن لڑنے کے لیے نااہل قرار دے دیا گیا تھا۔