اسلام آباد: (دنیا نیوز) نگران وفاقی کابینہ کا اجلاس آج طلب کر لیا، اجلاس کا 7 نکاتی ایجنڈا بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ اجلاس کی صدارت کریں گے، کابینہ ایف بی آر کی ری سٹریکچرنگ کی سمری پر غور کرے گی، اس کے علاوہ ملکی معاشی صورتحال کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں ٹیکس سسٹم اور ان لینڈ ریونیو کے دو الگ بورڈز تشکیل دیئے جائیں گے، ایف بی آر کی تنظیم نو کا مقصد ٹیکس ریونیو بڑھانا اور ٹیکس چوری روکنا ہے، ایس ایم ای بنک کے صدر کی مدت ملازمت میں توسیع بھی کابینہ ایجنڈے میں شامل ہے۔
وفاقی کابینہ ای سی سی اور قانون ساز کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق بھی کرے گی، اسلام آباد ہیلتھ کیئر ریگولیٹری اتھارٹی بورڈ کے ممبرز کی تعیناتی ایجنڈے کا حصہ ہے، شہید ذوالفقار بھٹو یونیورسٹی کے وی سی کی تعیناتی کیلئے کمیٹی سے منظوری لی جائے گی۔