گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کا ہر سال الیکشن کرانے کا مشورہ

Published On 24 January,2024 10:33 pm

کراچی: (دنیا نیوز) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے ہر سال الیکشن کرانے کا مشورہ دے دیا۔

گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری نے حیدری مارکیٹ کے دورہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اب الیکشن آنے والے ہیں، میں ان سے کہتا ہوں کہ یہ لوگ اب آپ کے قابو میں آئیں گے، میں تو کہتا ہوں کہ الیکشن ہر ایک یا دو سال میں ہو جانے چاہئیں، میں نے ان پندرہ ماہ میں عوام کے مسائل کا حل بھی تلاش کرلیا ہے۔

کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ ہم ایک قوم ہیں تو ایک تعلیمی نظام بھی ہونا چاہئے، اگر کسی وزیر کا بچہ بڑے سکول میں اور ایک غریب کا بچہ پیلے سکول میں پڑھے گا تو ترقی نہیں ہوسکتی، آپ لوگوں کے بچوں کو اپنے پیروں پر کھڑا کرنے کا میرے پاس دس سالہ منصوبہ ہے۔

گورنر سندھ نے کہا کہ ہمیں اپنی قوم کو مفت کھانے، زکوٰۃ، خیرات سے باہر نکالنا ہے، پورا پاکستان ترقی کررہا ہے لیکن یہ شہر ترقی نہیں کررہا، جب تک آپ اپنے بچوں کو محنت کرنا نہیں سکھائیں گے تب تک مسائل حل نہیں ہوں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں پانی، بجلی، گیس کے مسائل میں الجھایا ہوا ہے، دنیا چاند پر جا رہی ہے، میں ان لوگوں سے کہتا ہوں چاند پر مت جاؤ پاکستان آجاؤ۔