اسلام آباد: (دنیا نیوز) نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ نوجوانوں کے بغیر دہشتگردی کے خلاف جنگ میں فتح ممکن نہیں تھی۔
پاکستان نیشنل یوتھ کنونشن جناح کنونشن سینٹر اسلام آباد میں منعقد ہوا، نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ، چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر مہمان خصوصی تھے۔
نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے خطاب میں کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم نے دہشت گردی کے ناسور کا جرات اور بہادری سے مقابلہ کیا اور لازوال قربانیاں دی ہیں، پاک فوج نے پوری لگن اور پیشہ ورانہ مہارت سے دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑی۔
انوارالحق کاکڑ نے مزید کہا کہ ہم سب کو پاکستان کے خلاف شروع کئے جانے والے شیطانی پراپیگنڈا کو مسترد کرنا ہوگا، نوجوان قومی سلامتی کے چیلنج سے نمٹنے کیلئے تعمیری کردار ادا کر سکتے ہیں، نوجوان پاکستان کا سب سے بڑا اثاثہ ہیں۔
نگران وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے ذمہ دار شہری ہونے کے ناطے ہمیں پاکستان کے خلاف حال ہی میں پاکستان کے دشمنوں کی جانب سے پھیلائے گئے پراپیگنڈے جیسے اقدامات کو مسترد کردینا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی نوجوان قومی سلامتی کے اس ابھرتے ہوئے چیلنج سے نبرد آزما ہونے میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں اور اس چیلنج پر اسی وقت قابو پایا جا سکتا ہے جب نوجوان دشمنوں کے پھیلائے ہوئے پراپیگنڈے کو مسترد کرکے ریاست کی طرف سے فراہم کردہ مستند معلومات پر انحصار کریں گے۔