جنرل الیکشن: سندھ بھر میں پولنگ سٹیشنز قائم کرنے کی منظوری

Published On 27 January,2024 12:10 pm

کراچی: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عام انتخابات کیلئے سندھ بھر میں پولنگ سٹیشنز قائم کرنے کی منظوری دے دی۔

الیکشن کمیشن کے اعلامیے کے مطابق سندھ بھر میں 19 ہزار 06 پولنگ سٹیشنز قائم کرنے کی منظوری دی گئی جس میں مرد ووٹرز کیلئے 4 ہزار 443 اور خواتین کیلئے 4 ہزار 313 پولنگ سٹیشن بنائے جائیں گے۔

ای سی پی نے 6 ہزار 524 پولنگ سٹیشنز کو انتہائی حساس اور 6 ہزار 545 پولنگ سٹیشنز حساس قرار دیئے ہیں جبکہ 5 ہزار 937 پولنگ سٹیشنز نارمل ہوں گے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیہ میں بتایا گیا کہ مجموعی طور پر 65 ہزار پانچ پولنگ بوتھ بنائے جائیں گے، مرد ووٹرز کیلئے 34 ہزار 161 پولنگ بوتھ جبکہ خواتین کیلئے 30 ہزار 844 پولنگ بوتھ بنائے جائیں گے۔

دوسری جانب الیکشن کمیشن کی جانب سے صوبہ سندھ کیلئے بیلٹ پیپرز کی پرنٹنگ بھی مکمل کر لی گئی ہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق بیلٹ پیپر کی آج سے روانگی شروع ہوگی، الیکشن کمیشن کی مخصوص گاڑیاں پاک فوج کی سکیورٹی میں بیلٹ پیپر کراچی سے دیگر اضلاع میں منتقل کریں گی، آج لاڑکانہ، شکارپور اور دیگر اضلاع میں بیلٹ پیپر روانہ کئے جائیں گے۔

خیال رہے کہ صوبہ سندھ کیلئے 2 کروڑ 79 لاکھ 44 ہزار بیلٹ پیپر پرنٹ کئے گئے ہیں۔