فیصل آباد: (دنیا نیوز) رہنما مسلم لیگ ن اور امیدوار قومی اسمبلی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے چوری نہیں توشہ خانہ پر ڈاکہ ڈالا۔
امیدوار قومی اسمبلی عابد شیر علی کا کہنا تھا کہ گزشتہ دور میں جہانگیر ترین کا جہاز استعمال کر کے ایم پی ایز کو خریدا گیا اور ان ایم پی ایز کو بانی پی آئی کی جانب سے بنی گالہ میں ہار پہنائے جاتے رہے۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے آئی ایم ایف کے معاہدہ کی خلاف ورزی کی، بانی پی ٹی آئی نے سپیکر کے ذریعے قانون اور آئین کی دھجیاں اڑائیں اور ریاست کو تماشہ بنا کر رکھ دیا تھا۔
رہنما مسلم لیگ ن کا کہنا تھا کہ سائفر بیانیے پر قمر جاوید باجوہ کا بیان آیا تو سارا پول کھل گیا، سائفر کو عوام کے سامنے لہرایا اور پاکستان کی سالمیت کو نقصان پہنچایا گیا، جاوید ہاشمی نے ایک کاغذ لہرایا تھا تو انہیں 25 سال کی سزا ملی تھی۔
عابد شیر علی نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے قوم کی حساسیت کو چھیڑا ہے، بانی پی ٹی آئی نے چوری نہیں توشہ خانہ پر ڈاکہ ڈالا، بانی پی ٹی آئی اور انکی اہلیہ نے توشہ خانہ کے تحائف اونے پونے داموں بیچ کر پاکستان کو اربوں روپے کا نقصان پہنچایا۔
لیگی رہنما کا مزید کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کہتے تھے کہ میں بہت ایماندار ہوں، یہ کیسی ایمانداری ہے جس میں دوست ممالک سے لی گئی گھڑیاں بیچی گئیں؟ یہ ان کیلئے ڈوب مرنے کا مقام ہے۔