کراچی: (دنیا نیوز) ملک بھر میں 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات کے پیشِ نظر سندھ بھر کیلئے سکیورٹی پلان تیار کر لیا گیا۔
ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل اظہر وقاص کی زیرِصدارت ہونے والے اعلیٰ سطح اجلاس میں آئی جی پولیس، صوبائی الیکشن کمشنر، ایڈیشنل آئی جی کراچی اور دیگر حساس اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران قانون نافذ کرنے والے اداروں نے صوبے بھر میں جنرل الیکشن کے دوران سکیورٹی کو یقینی بنانے کیلئے کئے جانے والے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا اور لائحہ عمل کی منظوری دی۔
دوران اجلاس فیصلہ کیا گیا کہ رینجرز اور پولیس کی جانب سے عام الیکشن کے دوران مشترکہ فلیگ مارچ اور سنیپ چیکنگ کے عمل کو مزید مؤثر بنایا جائے گا، داخلی و خارجی راستوں کی سکیورٹی یقینی بنائی جائیگی، سندھ رینجرز کے دستے بطور کوئیک رسپانس فورس ایریا میں تعینات رہیں گے۔
اجلاس میں اِس بات پر زور دیا گیا کہ جنرل الیکشن کے حوالے سے صوبائی حکومت اور الیکشن کمیشن کی طرف سے دیئے گئے احکامات کی روشنی میں مروجہ قوانین اورضابطہ اخلاق کی مکمل پاسداری کو ہر ممکن طور پر یقینی بنایا جائے گا اور خلاف ورزی کرنے والے عناصر کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کی جائے گی۔