کندھ کوٹ: (دنیا نیوز) جے یو آئی صوبہ سندھ کے سیکرٹری جنرل مولانا راشد محمود سومرو نے کہا کہ انتخابات میں جے یو آئی کے کارکن ووٹ کے ساتھ اپنے ووٹ کی چوکیداری بھی کریں گے۔
جے یو آئی صوبہ سندھ کے سیکرٹری جنرل مولانا راشد محمود سومرو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 2018ء کے عام انتخابات میں کچھ دوست جعلی مینڈیٹ کے ذریعے اسمبلی پہنچے تھے۔
راشد سومرو نے کہا کہ آنے والے وقت میں جس کو الیکشن جیتنا ہوگا وہ جے یو آئی میں شمولیت اختیار کرے گا، میرا کل اور آج ایک ہی مطالبہ ہے کہ صاف وشفاف انتخابات کرائے جائیں، ٹھپے بازی کو روکیں عوام کو آزاد چھوڑ دیں، الیکشن عوام کی رائے کے مطابق ہوگا تو اس کے نتائج قبول کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ چور دروازے سے اقتدار میں آنے والے اب خواب دیکھنا چھوڑ دیں، جے یو آئی کی تحریک کے نتیجے میں آج بانی پی ٹی آئی اپنی اہلیہ سمیت جیل میں ہے۔