راولپنڈی: (مریم الہٰی) راولپنڈی کے حلقہ این اے 57 کے مکین بنیادی سہولیات سے بھی محروم ہیں، حلقے میں گیس اور پانی کے فلٹریشن پلانٹس کی عدم دستیابی کا مسئلہ حل نہ ہو سکا۔
حلقے کی عوام کو گیس اور پانی کے فلٹریشن پلانٹس کی عدم دستیابی کا مسئلہ درپیش ہے جبکہ گلیوں میں بجلی کی تاروں کے جال بھی شہریوں کیلئے پریشانی کا باعث بنے ہوئے ہیں۔
واضح رہے کہ حلقے کی کل آبادی 9 لاکھ 28 ہزار 659 ہے جبکہ رجسٹرڈ ووٹر کی کل تعداد 4 لاکھ 52 ہزار 930 ہے، مرد ووٹر کی تعداد 2 لاکھ 42 ہزار 330 اور خواتین ووٹر 2 لاکھ 10 ہزار 600 سے زائد ہیں۔
حلقے میں 326 پولنگ سٹیشنز بنائے گئے ہیں، مرد پولنگ سٹیشنز 156 ہیں جبکہ خواتین پولنگ سٹیشنز کی تعداد 155 ہے جبکہ حلقے میں کل 780 پولنگ بوتھ لگیں گے۔
راولپنڈی کے حلقہ این اے 57 میں مسلم لیگ ن کی جانب سے دانیال چودھری، پیپلز پارٹی کی طرف سے مختار عباس جبکہ آزاد حیثیت سے سیمابیہ طاہر مد مقابل ہیں۔
قومی اسمبلی کی سیٹ کیلئے جماعت اسلامی سے خالد محمود جبکہ عوامی مسلم لیگ سے شیخ راشد شفیق بھی میدان میں اتریں گے۔
یاد رہے کہ2018 کے عام انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی ٹکٹ پر فیاض الحسن چوہان اس حلقے سے الیکشن جیتنے میں کامیاب ہوئے تھے۔