لاہور: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن نے پنجاب کے مختلف حلقوں میں امیدواروں کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں پر جرمانے اور وارننگ نوٹسز جاری کر دیئے۔
ترجمان صوبائی الیکشن کمیشن پنجاب کے مطابق ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر مظفر گڑھ نے این اے 175 سے امیدوار جمشید دستی پر 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا، جمشید دستی کو بلا اجازت کار ریلی منعقد کرنے پر جرمانہ کیا گیا۔
امیدوار پی پی 268 مظفر گڑھ جام محمد یونس کو خلاف ضابطہ تشہیری مواد آویزاں کرنے پر 10 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔
ترجمان نے بتایا کہ پی پی 209 خانیوال سے امیدوار چودھری ضیا الرحمٰن کو ہوائی فائرنگ پر 50 ہزار روپے جرمانہ ادا کرنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔
پی پی 81 خوشاب میں انتخابی امیدوار کے حامی محمد اخلاق اعوان پر 10 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا، محمد اخلاق نے ضابطہ اخلاق کے پیرا 41 کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اشتعال انگیز تقاریر کیں۔
اسی طرح ملتان کے قومی و صوبائی اسمبلی کے حلقوں سے امیدواران خواجہ صغیر احمد، یوسف رضا گیلانی اور عبدالغفار ڈوگر سمیت 13 امیدواروں کو وارننگز اور نوٹسز جاری کئے گئے جبکہ این اے 161 بہاولنگر سے امیدوار محمد اجمل قادری نے 20 ہزار روپے جرمانہ سرکاری خزانے میں جمع کروا دیا۔
صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب کا کہنا ہے کہ امیدواران کو 2 فروری تک سرکاری خزانے میں جرمانہ جمع کروانے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں، ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں پر فوری اور قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔