بہاولپور( دنیا نیوز) ایران میں قتل ہونے والے 2مزدوروں کی بہاولپور میں نماز جنازہ ادا کردی گئی ۔
مقتولین میں بہاولپور سے تعلق رکھنے والے 19 سالہ محمد شہزاد، 18 سالہ شہریار شامل تھے، دونوں آپس میں ماموں زاد بھائی تھے جو ایران میں روزگار کے سلسلے میں گئے اور وہاں نامعلوم افراد کی فائرنگ کا نشانہ بن گئے۔
محمد شہزاد کی نماز جنازہ قطعہ العمارہ موڑ اور محمد شہریار کی نماز جنازہ شہر کے نواح آم والا میں ادا کی گئی، نمازجنازہ میں اہل علاقہ، سیاسی و سماجی شخصیات سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
ایک ہی خاندان میں دو جنازے اٹھنے پر علاقے کی فضا سوگوار رہی جبکہ مقتولین کو نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد آبائی قبرستانوں میں سپرد خاک کردیا گیا۔
واضح رہے پاکستانی سرحد سے ملحقہ ایران کے علاقے سراوان میں چھ روز قبل نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے 9 پاکستانی مزدوروں کو قتل کر دیا تھا، تاہم ابھی تک قتل کی ذمہ داری کسی بھی عسکریت پسند گروپ نے قبول نہیں کی نہ ہی واقعے میں ملوث ملزموں کو گرفتار کیا جاسکا۔