لاہور(دنیا نیوز) صوبائی دارالحکومت میں ملکی تاریخ کے پہلے ڈبل سٹوری انڈر پاس کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی نے برکت مارکیٹ گارڈن ٹاؤن کے قریب اپنی نوعیت کے پہلے منفرد میگاپراجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھا،دو منزلہ انڈرپاس پاکستان میں اپنی طرز کا پہلا انڈر پاس ہوگا جس سے برکت مارکیٹ، کینال روڈ، جناح ہسپتال اور اقبال ٹاؤن کی طرف جانے والی ٹریفک مستفید ہوگی۔
میگاپراجیکٹ کو "رستم زماں دی گریٹ گاما کراسنگ" کا نام دیا گیا ہے، لیول ون پرانڈر پاس برکت مارکیٹ سے کینال روڈ کی طرف جائیگا جبکہ لیول ٹوانڈر پاس جناح ہسپتال سے برکت مارکیٹ کی طر ف جائیگا۔
مذکورہ انڈر پاس700میٹر طویل ہوگا، لیول ٹو انڈرپاس کی لمبائی 1.4کلومیٹر ہو گی، پراجیکٹ کے تحت بھیکے وال موڑ اور کینال روڈ پر ایک،ایک یو ٹرن بنایا جائیگا۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ قومی ہیرو ورلڈ چیمپئن گاما پہلوان کو خراج عقیدت پیش کرنے کا یہ بہترین طریقہ ہے، اس منصوبے کی مدت تکمیل 6ماہ رکھی گئی ہے لیکن امید ہے یہ منصوبہ وقت سے قبل مکمل ہو گا، چاہتا ہوں کہ یہ منصوبہ تین سے چار ماہ کے اندر مکمل کیا جائے تاکہ عوام اس بڑے منصوبے کے ثمرات سے مستفید ہوسکیں۔
محسن نقوی کا مزید کہنا تھا کہ خوشی ہے سی بی ڈی پنجاب کی ٹیم پہلی بار ڈبل سٹوری انڈرپاس بنا رہی ہے، نیسپاک کی ٹیم بھی تعریف کی مستحق ہے جنہوں نے ایک خوبصورت ڈیزائن تیار کیا ہے۔