بہاولپور: (دنیا نیوز) نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن رضا نقوی نے بہاولپور کا دورہ کر کے بہاول وکٹوریہ ہسپتال میں 1 ارب 70 کروڑ روپے کے ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کر دیا۔
اپنے دورے کے دوران نگران وزیر اعلیٰ نے بہاول وکٹوریہ ہسپتال کے 3 بوسیدہ وارڈز کی تعمیر نو اور 12 وارڈز اور شعبہ بیرونی مریضاں کی عمارت کی تزئین و آرائش کا جائزہ لیا۔
نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن رضا نقوی نے ڈسٹرکٹ پولیس لائنز میں بہاولپور سیف سٹی پراجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھ دیا، کمشنر آفس میں چولستانیوں کی الاٹمنٹ لیٹر بھی تقسیم کر دئیے۔
قبل ازیں نگران وزیراعلٰی پنجاب محسن نقوی نے فیصل آباد کا دورہ بھی کیا جہاں انہوں نے پنجاب کے چھٹے بزنس فسلیٹیشن سنٹر کا افتتاح کیا، اس موقع پر صوبائی وزراء عامر میر، جاوید اکرم، مشیر وزیر اعلیٰ وہاب ریاض سمیت دیگر اعلیٰ حکام موجود تھے۔
کمشنر سلوت سعید نے بزنس فسلیٹیشن سینٹر پر وزیر اعلی پنجاب کو بریفنگ دی اور نگران وزیر اعلی محسن نقوی نے بزنس فسلیٹیشن سنٹر بلڈنگ کا جائزہ بھی لیا، عملے سے ملاقات کی اور این او سیز کے اجراء کو مقررہ مدت میں یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
محسن نقوی نے 1276 ملین کی لاگت سے 27.12 کلومیٹر سمندری ساہیوال روڈ کی بحالی، کی 1602 ملین کی لاگت سے سمندری انٹرچینج سے سمندری شہر تک 9.50 کلو میٹر ڈبل روڈ کی تعمیر ، 563 ملین کی لاگت سے سمندری سے گوجرہ 26 کلو میٹر روڈ کی تعمیر نو کا افتتاح کیا۔
نگران وزیراعلیٰ نے 227 ملین کی لاگت سے چنیوٹ روڈ کی ساہیانوالہ انٹرچینج تک 12 کلو میٹر سڑک کی بحالی و تعمیر، جھنگ شہر میں ایک کروڑ 80 لاکھ کی لاگت سے ڈیڑھ کلومیٹر روڈ کی بحالی، شیشن چوک سے سبزی منڈی روڈ جھنگ کی 200 ملین لاگت سے تعمیر و بحالی کا افتتاح کر دیا۔