لاہور: (دنیانیوز) پنجاب میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران نمونیہ سے مزید پانچ بچے جاں بحق ہوگئے ۔
سموگ اور خشک سردی سے نمونیہ کیسز میں اضافہ جاری ہے ، گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں پنجاب میں نمونیہ کے مزید 679 کیس رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ پانچ بچے دم توڑ گئے۔
صوبائی دارالحکومت لاہور میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 156 مریض رپورٹ ہوئے جبکہ کوئی بچہ جاں بحق نہیں ہوا۔
لاہور میں نمونیہ کے مجموعی کیسز کی تعداد 3450 جبکہ پنجاب میں مجموعی طور پر 14ہزار 340 ہو گئی ہے ۔
صوبے میں نمونیہ سے جاں بحق بچوں کی مجموعی تعداد 314 تک پہنچ گئی ، لاہور کے ہسپتالوں میں نمونیہ ،چیسٹ انفیکشن اور وائرل انفیکشن کے سیکڑوں بچے زیر علاج ہیں ، چلڈرن ہسپتال میں 60 سے زائد ، جناح ، سروسز، جنرل اور گنگا رام ہسپتال میں بھی سیکڑوں بچے زیر علاج ہیں ۔
عام مارکیٹ میں نمونیہ ویکسین اور ادویات کی عدم دستیابی سے مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ، ڈائریکٹر سی ڈی سی کاکہنا ہے کہ بچوں کو حفاظتی ٹیکوں کا کورس ضرور مکمل کروائیں۔